پاکستان
23 اگست ، 2015

فوج حکومت کا ادارہ ہے، اس کا دفاع حکومت کا فرض ہے؛ وزیر داخلہ

فوج حکومت کا ادارہ ہے، اس کا دفاع حکومت کا فرض ہے؛ وزیر داخلہ

اسلام آباد........وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ فوج حکومت کا ادارہ ہے، اس کا دفاع حکومت کا فرض ہے،وزیراعظم تو اپنے سخت ترین مخالفین سے بھی اچھے طریقے سے بات کرتے ہیں، فوج کے ساتھ کبھی تلخی نہیں ہوئی، گزشتہ دو سال میں بہترین تعلقات رہے، کوئی سیاسی شخص بلاجواز فوج پر تنقید کرے تو اس کا جواب آئی ایس پی آر کو نہیں، حکومت کو دینا ہوتا ہے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے بتایا کہ حکومت اور فوج کے تعلقات بڑے مثالی رہے ہیں ، اگر کوئی سیاست دان فوج پر بلا جواز تنقید کرے گا تو اسکا جواب حکومت دے گی۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف سے دھرنے کےدوران اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی کی دو مرتبہ ملاقات ہوئی تھی اور وہ خود ان ملاقاتوں میں موجود تھے۔وزیرداخلہ نے کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کی شہادت کے بارے میں جاری تفتیش کے حوالے سے بتایا کہ ابھی تک کیس میں کوئی واضح پیشرفت نہیں ہوسکی تاہم انہوں نے اپنے اس دعویٰ کو بھی دہرایا کہ حکومت کو واقعہ کے منصوبہ سازوں کا علم ہے۔ چوہدری نثار نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے چیئر مین نادرا پر تنقید کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ وہ کابینہ کو نیشنل ایکشن پلان کے بارے میں بریفنگ دیں گے اور آ نے والے دنوں میں مدارس کے ساتھ اجلاس کے علاوہ چاروں وزرائے اعلیٰ کا اجلاس بھی بلائیں گے، جس میں وزیراعظم مہمان خصوصی ہونگے ،جبکہ آرمی چیف کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آئندہ صرف اعلیٰ عدالتوں کی ہدایت پرای سی ایل میں نام ڈالےجائیں گے،اس وقت ای سی ایل میں بارہ ہزار نام ہیں جو کم ہو کر تین ہزار رہ جائیں گے، حساس اداروں کے جن افسروں کا باہر جانا قومی مفاد کے خلاف ہوگا، ان کے نام ای سی ایل میں شامل ہوں گے۔

مزید خبریں :