17 مئی ، 2012
اسلام آباد … پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن نے کہا ہے کہ اگر کسی ملک کی اولمپک کمیٹی کے معاملات میں حکومت یا کوئی ادارہ مداخلت کرے تو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ازخود کارروائی کرتے ہوئے اس ملک کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت سے روک سکتی ہے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عارف حسن نے کہا کہ اسپورٹس پالیسی پر سپریم کورٹ کا فیصلہ بہت متوازن ہے، تاہم اس فیصلے کا اطلاق پی او اے پر نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس پالیسی پر جمعہ کو اسپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اہم اجلاس میں تبادلہٴ خیال ہو گا، اجلاس میں پی او اے بھی اپنا نقطہٴ نظر پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس پالیسی میں کچھ شقیں بعد میں شامل کی گئیں، اسپورٹس بورڈ صرف ایک شق پر عملدرآمد کرانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لندن اولمپکس میں ہاکی ٹیم کے علاوہ 2 ایتھلیٹس، 2 سوئمرز اور ایک شْوٹر حصہ لے گا، تاہم میڈل کی توقع صرف ہاکی ٹیم سے ہے۔