23 اگست ، 2015
کوئٹہ.......بلوچستان میں ایک بار پھر مزدور دہشت گردی کا نشانہ بن گئے ،سٹرک کی تعمیر کرنے والے چار مزدوروں کو تین روز قبل اغوا کیا گیا، آج تین قتل کردیے گئے ،ایک کمسن مزدور کو چھوڑ دیا گیا۔ ضلع تربت کے علاقے دشت سے تین روز قبل سرکاری تعمیراتی ادارے کے تحت سڑک کی تعمیر کا کام کرنے والے چار مزدوروں کو مسلح افراد نے اغوا کرلیاتھا، چار میں سے تین افراد کی لاشیں آج اسی علاقےسے مل گئیں۔ لیویزذرائع کے مطابق مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ،لاشوں کی شناخت محمد یحییٰ، جمعہ خان اور گل خان کےناموں سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب ایک کمسن مغوی مزدور بخت اللہ کو اغوا کاروں نے چھوڑدیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ دوسری جانب تربت کے علاقے دشت میں ایف سی نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے نو شر پسندوں کو گرفتار کرلیا۔