27 اگست ، 2015
اسلام آباد........ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ سردار ایاز صادق اور صدیق بلوچ کے فیصلوں پر ضمنی انتخاب میں جائیں گے، ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو زیادہ بڑی شکست کا سامنا ہوا ، عمران خان ایاز صادق کے حلقے میں انتخابات میں حصہ لیں۔ مسلم لیگ نون نے ایاز صادق اور صدیق بلوچ کے خلاف فیصلوں پر عوام کی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نواز لیگ کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران پرویزرشید نے کہا کہ عمران خان فرار کا راستہ اختیار نہیں کرسکتے، قانونی اور عوامی دونوں عدالت میں پہلے سے بڑی کامیابی حاصل کرینگے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف فرار کا راستہ اختیار نہیں کرسکتی ، حیلے بہانے کوئی قبول نہیں کرے گا ،آپ کسی بھی حلقے میں ن لیگ سے کوئی انتخاب نہیں جیت سکتے،جب بھی ڈبے کھلتے ہیں تو شیر ہی نکلتا ہے، آپ نے تو آمریتوں سے تحفے میں نشستیں حاصل کی ہیں ، انتخابات سے بھاگتے ہیں، آپ عوام کا سامنا نہیں کرسکتے ، صرف سازش کرسکتے ہیں، انارکی پھیلا سکتے ہیں،ضرب عضـب میں دست و بازو بننے کے بجائے آپ نے دھرنا سیاست شروع کردی،عمران خان اور جہانگیر ترین کو انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے، ریکارڈ کی درستی کے لیے عدالتوں سے رجوع ضرور کریں گے لیکن انتخابات پر اسٹے آرڈر نہیں لیں گے، دونوں میدانوں میں عمران خان کو سبق سکھائیں گے۔