27 جنوری ، 2012
کراچی…… رفیق مانگٹ…مارک گراسمین قطر میں طالبان رہنماوٴں سے ملاقات کر چکے ہیں۔ ملاقات سے پہلے اور بعد میں وہ کابل میں افغان صدر سے بھی ملے، امریکی وزارت خارجہ نے ملاقات کی تفصیلات دینے سے گریز کیا۔ بھارتی نشریاتی ادارے’این ڈی ٹی وی ‘ نے خبر رساں ادارے کے حوالے سے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے مارک گراسمین شاید رواں ہفتے خلیجی ریاستوں کے دورے کے دورانقطر میں طالبان نمائندوں سے ملاقات کر چکے ہیں۔لیکن امریکی وزارت خارجہ نے اس بارے چپ سادھی ہوئی ہے۔وزارت خارجہ کی نمائندہ وکٹوریا نالینڈ نے اس سلسلے میں کافی اشارے دیے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ گراسمین طالبان سے ملاقات کرچکے ہیں۔لیکن اس موضوع پر ترجمان نے براہ راست کوئی جواب نہیں دیا۔ نالینڈ نے اس بات کی نشان دہی کی ہے کہ گراسمین نے قطر جانے سے پہلے اور بعد میں افغان صدر کے ساتھ دو ملاقاتیں کی،گراسمین قطر میں طالبان سے ملاقات کے فوری بعد اٹلی روانہ ہوگئے اور کل وہ روم میں تھے۔امریکی وزارت خارجہ نے قطر ملاقات کی تفصیلات دینے سے گریز کیا۔