18 مئی ، 2012
لاہور … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کسی میں ہمت اور جرأت ہے تو میرے کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک لائے، پارلیمانی کمیٹی نے سفارشات دیدی ہیں، نیٹو سپلائی کی بحالی کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، اس وقت سب حکومت میں ہیں، کون کس کے خلاف لانگ مارچ کرے گا، جب تک پارلیمنٹ اور اتحادیوں کا ساتھ ہے وزیراعظم رہوں گا، پہلے بھی غیر جمہوری طریقے سے حکومتی ہٹائیں گئیں، ہمیں کوئی جمہوری طریقے سے نہیں ہٹاسکتا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں مسلم لیگ ق کے رہنماوٴں چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کا تحفظ کرنا جرم ہے تو میں اسے جرم نہیں سمجھتا، عدالت نے کہیں نہیں کہا کہ میں نااہل ہوگیا ہوں، میرے بیٹے پر الزام اس لئے ہے کہ وہ سیاست میں ہے، میرا بیٹا عدالت کا سامنا کرے گا۔ وزیراعظم کا مزید کہنا ہے کہ صدر زرداری کو شکاگو کانفرنس میں شرکت کی غیر مشروط دعوت دی گئی، نیٹو سپلائی پر پارلیمانی کمیٹی نے سفارشات دیدی ہیں، نیٹو سپلائی کھولنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ پر چودھری شجاعت کے دیئے گئے فارمولے سے اتفاق کرتا ہوں، بجلی بحران کے حل کیلئے اسپیشل کمیٹی کا اجلاس روزانہ ہوگا، وفاق کے علاوہ صوبوں سے بھی بجلی کی پیداوار کا سوال کیا جائے، ہماری حکومت نے 3 ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی صوبائی حکومت کو عوام کو وفاقی حکومت کے خلاف نہیں اکسانا چاہئے، توانائی بحران ہم سب کے لئے چیلنج ہے اور ایمرجنسی روم بنادیا ہے۔ وزیراعظم نے میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی حکومت نہیں چاہتی کہ وہ کمزور ہو، پہلی جمہوری حکومت ہے جو پانچواں بجٹ پیش کرے گی، ہماری پہلی ترجیح بجلی اور دوسری روزگار کی فراہمی ہے۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا ہے کہ پہلے بھی غیر جمہوری طریقے سے حکومتی ہٹائیں گئیں، ہمیں کوئی جمہوری طریقے سے نہیں ہٹاسکتا، اتحادیوں کی طاقت سے وزیراعظم ہوں، جب تک پارلیمنٹ اور اتحادیوں کا ساتھ ہے وزیراعظم رہوں گا، کسی کے کہنے سے نہ کوئی آیا ہے اور نہ کوئی جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی میں جرأت اور ہمت ہے تو صدر زرداری کیخلاف مواخذے اور میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے، اس وقت سب حکومت میں ہیں، کون کس کے خلاف لانگ مارچ کرے گا، مسلم لیگ ن بھی پنجاب حکومت میں ہے وہ لانگ مارچ کرسکتی ہے اور نہ کرے گی۔