03 ستمبر ، 2015
لندن ......عمران خان کی بیوی ریحام خان کے ایک کزن کا کہنا ہے ریحام خان کے خلاف شروع کی جانے والی مہم کے پیچھے جمائما گولڈ اسمتھ کا ہاتھ ہے ۔عمران خان نے اسے بےتکا الزام قرار دیا ہے جبکہ جمائما کے ترجمان نے بھی اس کی سختی سے تردید کی ہے ۔ریحام خان کے کزن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر برطانوی اخبار کو بتایا کہ جمائما حسد کا شکار ہیں چونکہ ان کی عمران خان سے شادی کامیاب نہیں ہوسکی اور وہ خود بھی کوئی مناسب شخص تلاش نہیں کرسکی ہیں، لہذا وہ نہیں چاہتیں کہ عمران اور ریحام کی شادی بھی کامیاب ہو ۔ ریحام خان کے کزن کا کہنا ہے کہ عمران اور ریحام خوش گوار زندگی گزاررہے ہیں ۔ ریحام خان وقت آنے پر اپنے خلاف تمام منفی باتوں کی تردید کریں گی ۔ دوسری جانب عمران خان نے سوشل ویب سائٹ پر مختصر پیغام میں کہا کہ جمائما نے ہمیشہ ان کی حمایت کی ہے ۔ عمران خا ن کا کہنا ہے کہ ریحام کے خلاف مہم کے پیچھے جمائما کو ملوث کرنے کی بات بےتکی ہے ۔ دوسری جانب جمائما کے ترجمان نے بھی ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ جمائما اب بھی عمران خان کی مکمل حمایت کرتی ہیں اور انہوں نے عمران کی دوسری شادی کے موقع پر انہیں مبارک باد بھی دی تھی،اب بھی وہ ان کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہیں۔