10 ستمبر ، 2015
اسلام آباد..........اسلام آباد کے ڈاکٹروں اور طبی عملے نے تین روز سے دیا گیا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد کے ڈاکٹروں کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مذاکرات کامیاب ہوگئے، وزیر خزانہ نے ہیلتھ رسک الائونس منجمد کرنے کا نوٹیفکیشن سات دن میں واپس لینے کی یقین دہانی کرادی۔
وفاقی دارلحکومت کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا، ڈاکٹروں نے مریضوں کے علاج کے لیےدھرنے کی جگہ پر ہی فیلڈ اسپتال بھی بنا دیا ۔ ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا مطالبہ تھا کہ ہیلتھ رسک الاؤنس غیر منجمد کیا جائے۔
ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث اسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ سب بند پڑا تھا، مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم مشکلات کچھ کم کرنے کے لیے ڈاکٹروں نے دھرنے کی جگہ پر ہی فیلڈ اسپتال قائم کر دیا۔ دھرنے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مطالبے سے ذرا بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ، جب تک ہیلتھ رسک الاؤنس غیر منجمد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو تا، دھرنا جاری رہے گا۔