پاکستان
10 ستمبر ، 2015

خوب صورت رنگ بدلتے موسم میں جشن زیارت جاری

خوب صورت رنگ بدلتے موسم میں جشن زیارت جاری

زیارت........وادی زیارت کے خوبصورت رنگ بدلتے موسم میں جشن زیارت اپنی رنگینیوں کے ساتھ جاری ہے۔ کئی سال بعد منعقدہ فیسٹیول میں شرکا کا جوش وخروش دیدنی ہے۔

قدرتی حسن سے مالامال وادی زیارت میں کئی سال بعد منعقدہ جشن زیارت میں سیاحت کے فروغ ،صحت مندانہ تفریح ، عوام کی دلچسپی اور نوجوانوں کواپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع کی فراہمی کا اہم ذریعہ بن رہا ہے۔

فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں کی رہنمائی کےلیےزیارت کے حسین مناظر سے متعلق دلفریب نمائش بھی جاری ہے۔ زمین پر وادی کا منفرد نقشہ تعمیر کر کے شرکا کو سیاحتی مقامات تک رسائی کا ذریعہ فراہم کیا گیا ہے۔

بلند وبالا سرسبز پہاڑ، صنوبر کے ہرے بھرےجنگلات ، پھولوں کی خوشبو سے مہکی مہکی فضاء اور دن رات بدلتے موسم میں جشن زیارت میں آتش بازی،میوزیکل نائٹ،کھیلوں کے مقابلے، مقامی ثقافتی سرگرمیاں، زرعی صنعتی نمائش اور عوامی دلچسپی کے دیگر رنگا رنگ پروگرام بھر پور طریقے سے جاری ہیں۔

زیارت فیسٹیول کے انعقاد سے تاریخی حیثیت اور بابائے قوم محمد علی جناح کی نسبت سے شہرت کے حامل زیارت شہر کی اہمیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

مزید خبریں :