11 ستمبر ، 2015
اسلام آباد........وزیرا عظم نواز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کیے بغیرترقی نہیں کر سکتے جب تک آمدنی نہیں ہوگی قرضہ کیسے اتاریں گے؟ چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کریں۔
وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ملک میں ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت دیگر پیداواری صنعتوں اور اداروں کے مسائل پر اجلاس وزیر اعظم ہاوس اسلام آباد میں جاری ہے ۔وزیراعظم نے ایوان صنعت وتجارت کے سربراہوں اوربرآمدکنندگان سے خطاب میں کہا ہے کہ خطے کے دیگر ممالک برآمدات کے معاملے میں پاکستان سے آگے ہیں۔ہمیں اس نشست کو نتیجہ خیزبنانا ہے۔ مشکلات کے حل کے لیے وسائل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے برآمدات کے شعبے میں خاطرخواہ ترقی نہیں ہوئی۔ چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کریں۔ مسائل ایک دن میں حل نہیں ہوتے لیکن ہمیں جدوجہد کرنی ہے۔وسائل کی فراہمی کے لیے ہمیں اپنی آمدنی میں اضافہ کرنا ہوگا۔ملکی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیرہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ، چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ سمیت دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک ہیں۔ پاکستان بھر کے چیمبر آف کامرس کے سربراہوں اور آپٹما عہدیداروں بھی اجلاس میں شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں صنعتی شعبے کو درپیش مختلف مشکلات اور مطالبات پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے ۔اجلاس میں صنعتی برآمدات پر ڈیوٹی، روپے کی قدر ، ٹیکسز کے نظام،برآمدات کی حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور اس میں اضافہ کرنے کے امور پر غور کیا جا رہاہے ۔
اجلاس میں صنعتوں کے لئے مراعتی پیکج ،مقامی صنعتوں کے لئے ایندھن ، گیس اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے امور بھی زیر غور ہیں ۔ وزیر اعظم کی جانب سے صنعتی شعبے کے لئے خصوصی مراعتی پیکج کا اعلان کئے جانے کا امکان ہے۔