19 مئی ، 2012
اسلام آباد… مسلم لیگ ن نے 21 مئی کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکا اجلاس سے ترک وزیراعظم کے خطاب کے موقع پر مکمل احترام کے ساتھ شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہاہے کہ اس دن ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی اپوزیشن کیلئے حیثیت بے معنی ہوگی ۔ مسلم لیگ نون کے سینیٹر پرویزرشید نے جیونیوز سے گفت گو میں کہاکہ ترک وزیراعظم ، پاکستان کے لئے بہت محترم ہیں، پارلیمنٹ اجلاس میں ترک وزیراعظم کی آمد کے موقع پر مسلم لیگ ن ، اس اجلاس میں شریک ہوگی اور ترک مہمان کو مکمل عزت اور احترام دے گی، اس روز وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بھی پارلیمنٹ میں موجودگی اور اس پر اپوزیشن کے ردعمل سے متعلق سوال پر سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ اس روز یوسف رضا گیلانی کی ہمارے لئے کوئی حیثیت نہیں ہوگی، گیلانی اس روز ایوان میں آئیں یا باہر ہوں ، یہ بے معنی ہوگا ، وہ دن تو صرف ترک وزیراعظم کے خطاب کا دن ہوگا۔