12 ستمبر ، 2015
کراچی......ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کے خلاف مقدمے کا چالان کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔کیس کی مزید سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔
دہشتگردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیس کے تفتیشی افسر نے ضمنی چالان پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مقدمے میں نامزد 5 ملزمان کو گرفتار کرنا باقی ہے جن میں رئیس عرف مما،شہزاد، عمران ، اعجاز نیازی اور نعیم عرف ملا شامل ہیں۔
عدالت نے رینجرز کے وکیل کو ضمنی چالان پیش کرنے پر عدالت کو مطمئن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کو نائن زیرو سے چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔