12 ستمبر ، 2015
کراچی......رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں سے مقابلے اور ٹارگیٹڈ کارروائیوں کے دوران 10 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ۔
ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 10 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود برآمد کر لیا ہے۔ ملزمان کو جیکب لائن، جٹ لائن، لیاقت آباد اور شاہ فیصل کالونی سے گرفتار کیا گیا ہے۔
رینجرز حکام کے مطابق گرفتار شدگان میں سے 4 کا تعلق کالعدم تنظیموں، 3 کا متحدہ قومی مومنٹ اور3 کا تعلق ایم کیو ایم حقیقی سے ہے۔ ملزمان کے قبضے سےمختلف اقسام کے13 سے زائد ہتھیاراوردستی بم برآمد ہوئے ہیں ۔شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کے دوران رینجرزکا سپاہی طارق حسین ٹارگٹ کلرنبیل کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔ملزم نبیل کو رینجرز نے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
رینجرز کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گرفتارملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائیگا اورہرحال میں ٹارگٹ کلراور سرپرستوں کا خاتمہ کیاجائیگا۔