19 مئی ، 2012
کراچی… سرکار جتنی چادر اتنے پیر پھیلانے کے محاورے پر عمل پیرا ہونے سے قاصر، حکومت رواں مالی سال اب تک بینکاری شعبے سے 1 ہزار ارب روپے سے زائد کے قرضے لے چکی ہے۔ مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال جولائی تا اپریل 2012 بینکاری شعبے سے 1 ہزار 59 ارب روپے کے قرضے حاصل کیے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 74 فیصد زائد ہے۔ محصولات میں کمی ، سرکاری اداروں کے خسارے ، مہنگے ایندھن سے پیدا ہونے والی بجلی پر سبسڈی اور قرضوں کی ادائیگی کے باعث حکومت نے صرف مرکزی بینک سے 400 ارب روپے سے زائد کے قرضے لیے۔ صوبائی حکومتوں نے اپنے اوپر سے قرضوں کے بوجھ کو کم کیا۔ اس کے علاوہ غیر ملکی سرمایاکاری میں کمی حکومت کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔