14 ستمبر ، 2015
اسلام آباد.......پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جب زرداری کی کرپشن پر ہاتھ پڑا تو پیپلز پارٹی نے شورمچایا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا مک مکا ختم ہونا پاکستان کے لیے سب سے خوش آئند ہوگا، رینجرز آپریشن کے باعث سندھ کے لوگ خوش ہیں،ایجنسیاں اب پنجاب میں بھی آپریشن کریں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ قوم چوروں اور کرپٹ لوگوں سے تنگ آئی ہوئی ہے،جمہوریت کی آڑ میں ملک کو لوٹا جارہاہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ پیپلزپارٹی کا اجلاس دبئی میں کیوں ہورہاہے؟،دبئی میں اجلاس کے اخراجات کون برداشت کررہاہے ؟ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مک مکا کر رکھا ہے،یہ مک مکا ختم ہونا پاکستان کے لیے سب سے خوش آئند ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ کراچی کے لوگ خوش ہیں کہ کرپٹ لوگوں کا احتساب ہورہاہے،دعوت دیتاہوں خیبرپختونخوا میں کرپٹ لوگوں کے خلاف آپریشن کریں،کرپشن کے خلاف کارروائی کی زیادہ ضرورت پنجاب میں ہے،ایم کیو ایم کی ہڑتال نہ ہونے پر کراچی اور سندھ کے لوگ خوش ہیں،ہمیں میٹرو بس کا آڈٹ چاہیے ۔