14 ستمبر ، 2015
لاہور.........لاہور کے ضمنی الیکشن کے لیے سردار ایاز صادق کو نااہل قرار دینے کی درخواستوں پر ریٹرننگ آفیسر نے فیصلہ محفوظ کرلیا ، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے علیم خان اپنے پوسٹرز پر آرمی چیف کی تصاویر شامل کررہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 اورصوبائی حلقہ پی پی 147 لاہور سےضمنی الیکشن کےلیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کاسلسلہ جاری ہے۔سردار ایاز صادق کی اہلیہ ریما ایاز ان کی کورنگ امیدوارہوں گی، کاغذاتِ نامزدگی منظور ہوگئے،عوامی تحریک کے اشتیاق چوہدری اور جسٹس پارٹی کے منصف اعوان کے کاغذات بھی منظور ہوگئے۔
پی ٹی آئی کے شعیب صدیقی اورعوامی تحریک کےاشتیاق چوہدری کا کہناہے سردار ایاز صادق نےدھاندلی کی ،نااہل قرار دیا جائے۔ ایاز صادق کے وکلا ءنےبھی جواب داخل کرا دیا ۔ الیکشن ٹریبونل کی جانب سےکیا گیا 25 لاکھ روپےجرمانہ نااہلیت کے زمرے میں نہیں آتا،یہ کہناہےسردار ایاز صادق کےبیٹے علی ایازصادق کا۔
پیپلز پارٹی کے امیدواروں عامر حسن اور افتخار شاہد نے تحریک انصاف کے علیم خان پر اعتراض داخل کرایا کہ انہوں نے اپنے اشتہاری پوسٹرز پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصاویر شامل کیں اور وہ اشتہاری مہم پر کروڑوں روپے خرچ کر چکے ہیں۔ سردار ایاز صادق کےوکیل کے جواب داخل کرانے پر ریٹرننگ آفیسر زاہد اقبال نے فیصلہ 15 ستمبر تک محفوظ کرلیا۔