19 مئی ، 2012
پشاور … ریلویز کو بحران سے نکالنے کیلئے حکومت نے 5 ارب روپے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، اس رقم سے ریلوے کے خراب انجنوں کو ٹھیک کیا جائے گا۔ پشاور میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے غلام احمد بلور نے کہا کہ ریلویز کی بد حالی کی ذمہ دار بیوروکریسی ہے جو ریلوے کو پھلتا پھولتا دیکھنا نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ چین سے ریلوے انجن خریدنے کیلئے 2009ء میں ٹینڈر منظور کیا گیا تاہم ابھی تک یہ انجن ریلوے کو نہیں مل سکے۔ غلام احمد بلور نے ریلوے بحران کی ایک اور بڑی وجہ محکمے کے مخصوص اور غیر لچکدار قواعد و ضوابط کو قرار دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے خراب انجنوں کو ٹھیک کرنے کیلئے 5ارب روپے دینے کی یقین دہانی تو کرائی ہے لیکن اب دیکھنا ہے کہ یہ رقم کب اور کیسے ملتی ہے۔