19 مئی ، 2012
راول پنڈی…راول پنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹوکے قتل کیس میں سابق صدرپرویزمشرف کے منجمد بینک اکاؤنٹ کی بحالی کیلئے نجی بینک کی درخواست پرفیصلہ 26مئی تک محفوظ کرلیاہے۔ راول پنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے اڈیالہ جیل جاکر بینظیر بھٹو قتل کیس اور ممبئی حملہ سازش کیس میں گرفتار ملزموں کا ٹرائل کیا۔ فریق صفائی کے وکلاء کی غیر حاضری کی وجہ سے سماعت دوجون تک ملتوی کردی گئی۔ اسی عدالت کے جج نے پہلے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جائیداد ضبطگی کیخلاف بیگم صہبا مشرف کی درخواست پر سماعت کی۔ایف آئی اے کے وکیل نے اسٹیٹ بینک کی طرف سے دیگر بینکوں کو جاری ایک نوٹی فکیشن عدالت میں پیش کیا، اس کے مطابق ذاتی اکاوٴنٹ کو فلاحی کاموں یا چندہ وصولی کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ ایف آئی اے کے وکیل نے بتایاکہ مشرف فاوٴنڈیشن کے اکاؤنٹ میں کئی برس سے ساڑھے 7 کروڑ روپے پڑے ہیں، عدالت کومنجمد اکاؤنٹ والے بینک نے اس کھاتے کی بحالی کیلئے درخواست بھی دی جس پر عدالت نے سماعت مکمل کرکے26مئی کو اگلی پیشی تک فیصلہ محفوظ کرلیا۔