20 ستمبر ، 2015
کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ 92ء کے آپریشن میں ہزاروں کارکنان اپنی جانیں بچانے کیلئے بیرون ملک بھی جانے پر مجبورہوئے۔
ایم کیو ایم کے مطابق بھارت سمیت دیگر ممالک جانے والوں نے نہ تو ایم کیوایم کے مرکز سے اجازت لی اور نہ اس عمل کو کسی طرح ایم کیوایم کی پالیسی کا حصہ قراردیاجاسکتا ہے۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری پالیسی بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم کیوایم کل بھی ایک محب وطن جماعت تھی اور آج بھی ہے، پاکستان سے ایم کیوایم کی وابستگی غیرمشروط طورپر ہمیشہ جاری رہے گی۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ 92ء کے آپریشن میں ہزاروں کارکنان اپنی جانیں بچانے کیلئے بھارت سمیت دیگر ممالک گئے، بھارت جانے والے افراد سے منسوب کردہ تربیت وغیرہ کے معاملات کا بھی ایم کیوایم کے مرکز یااس کی پالیسی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
بیان میں اپیل کی گئی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ماضی کی تلخ باتوں کو نظرانداز کرکے مہاجروں کے زخموں پر بھی مرہم رکھے۔