دنیا
21 ستمبر ، 2015

عازمین حج کی مدینہ سے مکہ روانگی شروع

عازمین حج کی مدینہ سے مکہ روانگی شروع

مدینہ منورہ.....شاہد نعیم ......عازمین کے قافلوں کی مناسک حج کی تیاریوں کیلئے مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ روانگی شروع ہو گئی ہے ۔ ان عازمین کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر خالد بابر نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ عازمین کے ساتھ 30 ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی فرائض کی ادائیگی کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ۔یہ عملہ میدان عرفات میں وقوف،مزدلفہ. اور منی میں موجود ہوگا۔

ترجمان کے مطابق کرین حادثے میں زخمی اور آئی سی یو میں زیر علاج مریضوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے مدینہ سے لے جایا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق کسی بھی وائرس سے بچاؤکے لئے دائمی امراض میں مبتلا افراد بالخصوص بوڑھوں اور بچوں کے حج پر پابندی ہونی چاہئے۔حج مقامات پر اونٹوں کا داخلہ ممنوع کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام اداروں کو اس پابندی پر عمل درآمد کی تاکید کی گئی ہے۔ ائیرپورٹ،بندرگاہ،بری وسرحدی چوکیوں اور تما م داخلی راستوں پر عازمین کے طبی معائنے کئے گئے ہیں اور پولیو خوراک کے علاوہ افریقی ممالک کے عازمین کو گردن توڑ بخار کے ٹیکے بھی لگائے گئے ہیں۔

تنفس کے متعدی امراض سے عازمین کو محفوظ رکھنے کی ہر ممکن تدابیر کی گئی ہے۔حج میں ہیلتھ سینٹرز،اسپتالوں میں کام کرنے والوں کو انفلوئنزااور گردن توڑ بخار کے ٹیکے لگوانے کا پابند کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :