20 مئی ، 2012
کراچی…وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کاکہناہے کہ پورے ملک میں یکساں شرح سیلز ٹیکس کا نفاذ چاہتے ہیں لیکن ارکان پارلیمنٹ متفق نہیں،رواں مالی سال میں مجموعی قومی پیداوارکی شرح میں اضافہ 3.7 فیصد رہا ہے۔ کراچی میں فیڈریشن ہاوٴس میں ہونے والے پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں مجموعی قومی پیداوارکی شرح میں اضافہ 3.7 فیصد رہا۔گزشتہ سال مجموعی قومی پیداوار کی شرح 3.5 فیصد تھی۔وزیر خزانہ نے مزید کہاکہ ملک میں بجلی کی پیداوار کا مسئلہ نہیں ،سستی بجلی کی پیداوار کا مسئلہ ہے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ پورے ملک میں یکساں شرح سیلز ٹیکس کا نفاذ چاہتے ہیں لیکن ارکان پارلیمنٹ متفق نہیں ۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ ملک میں زندہ جانوروں کی برآمد پر پابندی عائد نہیں ،بکرے کے گوشت کی قیمت میں اضافہ غریب عوام کا مسئلہ نہیں ،آئندہ بجٹ میں ٹیکسوں کے نظام کو آسان بنا رہے ہیں حکومت نے تین سال میں ٹیکس ریٹ میں اضافہ نہیں کیا ہماری کوشش ہیکہ ٹیکس ان لوگوں پر نہ لگے جو پہلے ہی ٹیکس دیتے ہیں ٹیکس ان لوگوں پر عائد کیا جائیگا جو ٹیکس دیتے ہی نہیں ،عبدالحفیظ شیخ کا کہناتھا کہ ٹیکس اصلاحات پر کچھ لوگ ناراض بھی ہوگئے لیکن بہت سارے لوگوں نے مدد بھی کی ،وزیر خزانہ نے بتایا اگلے بجٹ میں انکم ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہا کم امدنی والوں کا انکم ٹیکس کم کئے جانے کا امکان ہے۔