20 مئی ، 2012
کراچی…سینیٹر اور عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ کراچی میں ہر پارٹی کے لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ ہورہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنادیں۔یہ بات انہوں نے سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری سے مرکز اہلسنت پر ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ شاہی سید کا کہنا تھا کہ شہر میں قیام امن کے لیے کسی سے بھی بات کرسکتے ہیں۔ ہمارا مقصد ملک میں امن ہو اور ہم وہ اقدام کریں جس سے ہر کسی کو امن ملے۔ٹارگٹ کلنگ کسی ایک طبقے یا پارٹی کی نہیں ہورہی ہے روشنیوں کا شہر خوف اور دہشت کا شہر بن گیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں سب مل جل کر رہیں۔ شہر میں موجودی بد امنی کے ذمے داروفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک اور سید قائم علی شاہ ہیں۔اس موقعے پر سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا شاہی سید سے ملاقات کا اولین مقصدشہر میں امن قائم کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تقسیم کی ضرورت نہیں جو تقسیم ہوا ہے اس کو ملانے کی ضرورت ہے ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ دس روز میں ہمارے 9 کارکنان شہید ہوئے ہیں۔