27 ستمبر ، 2015
اسلام آباد.......جڑواں شہروں اسلام آباد ،راول پنڈی کے شہریوں نے عید کے تیسرے اور چھٹی کے آخری روز کو بھر پور انداز میں منانے کےلیے لیک ویو پارک اور دامن کوہ کا رخ کیا۔ مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ کچھ غیر ملکی بھی کوئلوں پر تکے بناتے نظر آئے۔
عید کا تیسرا دن، چھٹی کا آخری دن، کل پھر سے وہی دفتر،اسکول اور کام۔چھٹیوں کے آخری دن کا مزہ لینے کےلیے جڑواں شہروں کے شہریوں نے رخ کیا لیک ویو پارک کا۔خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد راول ڈیم کے کنارے بنے پارک میں ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا سے خوب لطف اندوز ہوئی۔
لیک ویو پارک کی رونقیں اور موسم کی رعنائی دیکھی تو ایک چینی خاندان بھی کوئلے اور تکہ بوٹی لے کر پارک پہنچ گیا۔وہیںتکے بنائے اور پاکستانیوں کی خوشیوں میں شریک بھی ہو گئے۔
کچھ لوگوں نے اسلام آباد کی مارگلا کی سر سبز و شاداب پہاڑیوں پر بنے تفریحی مقامات کا بھی رخ کیا۔پہاڑوں پر سے شہر کا نظارہ بھی کرتے رہے اور موسم کا بھی خوب مزہ لیا۔