دنیا
27 ستمبر ، 2015

فلاڈیلفیا میں پوپ کا خطاب سننے 100ملکوں سے لوگ آئے

فلاڈیلفیا میں پوپ کا خطاب سننے 100ملکوں سے لوگ آئے

فلاڈیلفیا.......امریکی شہر فلاڈیلفیا میں پوپ کا خطاب سننے کے لیے سو ملکوں سے لوگ آئے۔ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے بعد سب سے زیادہ پاکستانیوں کی شرکت۔ پوپ نے کہا کہ خدا ان خاندانوں کو پسند کرتا ہے جو پیار محبت سے رہتے ہیں۔

فوکس نیوز کے مطابق ورلڈ میٹنگ آف فیملیز کے لیے اٹھارہ ہزار افراد نے رجسٹریشن کرائی تھی۔ یہ افراد دنیا کے سو ملکوں سے آئے تھے۔ سب سے زیادہ افراد امریکا سے آئے جب کہ اس کے بعد کنیڈا، میکسیکو، پاکستان اور ویت نام سے آنے والے افراد نے اس ایونٹ میں شرکت کی۔

پوپ فرانسس پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان میں امن کی اپیل کر چکے ہیں۔ اس سال پندرہ مارچ کو انھوں نے لاہور میں دو گرجوں پر حملے کی بھی مذمت کی تھی۔

فلاڈیلفیا میں ہونے والی تقریب میں موسیقاروں، گلوکاروں اور رقاصوں نے بھی شرکت کی۔ پوپ نے تقریب میں خاندان کی اہمیت کو واضح کیا اور کہا کہ خدا ان خاندانوں کو پسند کرتا ہے جو آپس میں پیار محبت سے رہتے ہیں۔

پوپ نے ایسے افراد سے بھی ملاقات کی جو پادریوں کے ہاتھوں زیادتی کا نشانہ بنے تھے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ان افراد کا درد محسوس کر سکتے ہیں۔ایک اطلاع کے مطابق زیادتی کرنے والے پادریوں کو بچانے والے بشپس پر مقدمہ چلانے کے لیے ویٹیکن ٹریبونل بنایا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :