21 مئی ، 2012
شکاگو … شکاگو کانفرنس کے موقع پرنیٹومخالفین کے مظاہرے جاری ہیں۔ مظاہرین جنگ اورڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ پولیس اورمظاہرین میں ہاتھا پائی بھی ہوئی جبکہ پولیس نے دہشت گردی کے شبے میں مزیددومشتبہ افرادکوحراست میں لے لیا ہے۔نیٹوکانفرنس کی وجہ سے شکاگو میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ شکاگو کنوینشن سینٹر کے علاقے کوانتظامیہ نے کالے رنگ کے لوہے کے ایک جنگلے سے گھیر رکھا ہے اورشہر میں ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکارتعینات ہیں تاہم پورے امریکا سے ہزاروں مظاہرین شکاگوپہنچ گئے ہیں۔ آکیوپائے وال اسٹریٹ،جنگ اورڈرون حملوں کے مخالفین نے پرامن ریلیاں نکالیں، کچھ مظاہرین نے پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں ڈرون حملے بندکرنے کامطالبہ کررہے تھے۔ مظاہرین کی بڑی تعداد نے شکاگوکنوینشن سینٹرکارخ کیا تو پولیس نے انھیں منتشر کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس اورمظاہرین میں ہاتھاپائی بھی ہوئی جبکہ کئی مظاہرین حفاظتی جنگلا عبورکرنے میں کامیاب ہوگئے لیکن پولیس نے انھیں قابوکرلیا۔ دوسری جانب پولیس نے مزید دو مشتبہ افرادکو دھماکا خیز مواد رکھنے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے جس کے بعدگرفتارافرادکی تعدادچھ ہوگئی ہے۔