انٹرٹینمنٹ
01 اکتوبر ، 2015

سنگیتا کا ’’تم ہی توہو ‘‘ کے نام سے نئی فلم بنانے کا اعلان

سنگیتا کا ’’تم ہی توہو ‘‘ کے نام سے نئی فلم بنانے کا اعلان

کراچی ...... فلموں کی معروف اداکارہ اور ہدایت کارہ سنگیتا نے ’’تم ہی توہو ‘‘ کے نام سے نئی فلم بنانے کا اعلان کیا ہے ۔فلم کی عکس بندی کا آغاز کراچی فارم ہاؤس میں کردیا گیا ہے۔یہ بات ہدات کارہ سنگیتا نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کی ۔اس موقع پر اداکارہ متھیرا ،فہد ،قراۃ العین ،مریم ،لکی ،امبر اور دیگر اداکار بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلی صنعت کے احیاء کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔گزشتہ دو سال کے دوران نوجوان ہدایت کاروں نے ملک کی سینما انڈسٹری کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس عرصے میں کامیاب فلموں کی نمائش کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان کی نئ آنے والی فلم ’’ تم ہی تو ہو ‘‘ ایک لواسٹوری ہے جسے سورج بابا نے تحریر کیا ہے۔اس فلم کی عکس بندی کراچی ،لاہور اور مری میں کی جائے گی ۔

سنگیتانے کہا کہ اداکار فہد اور قراۃ العین فلم کے مرکزی کردار ہیں جبکہ مریم آئٹم سونگ کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ اس فلم میں ہم نے نئے اداکاروں اور گلوکاروں کو اپنے فن کےمظاہرےکا موقع دیا ہے جبکہ معروف گلوگار راحت فتح علی خان کا ایک گانا بھی اس فلم میں شامل ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ فلم بین الاقوامی معیارکی ہوگی اور اسے پاکستان کے ساتھ بیرون ملک بھی ریلیز کیا جائے گا ۔ہماری کوشش ہے کہ اگلے سال عید الفطر پر اس فلم کو نمائش کے لیے پیش کردیا جائے ۔

سنگیتانے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ فلم پاکستان کی فلم انڈسٹری کو ایک مرتبہ پھر عروج پر لے جانے میں معاون ثابت ہوگی ۔

مزید خبریں :