پاکستان
04 اکتوبر ، 2015

جعلی ووٹ ڈالنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے،عمران خان

 جعلی ووٹ ڈالنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے،عمران خان

لاہور........پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے وزیراعظم سے چار حلقے کھولنے کو کہا تھا مگر انھوں نے ایسا نہیں کیا اور اس سے حقائق سامنے آگئے۔

انھوں نے کہا کہ مینار پاکستان میں ہم نے گزشتہ سالوں میں تین جلسے کیے اور پورا گرائونڈ نہ صرف بھر دیا بلکہ اردگرد بھی عوام کا جم غفیر تھا،کبھی ن لیگ کو مینار پاکستان پر جلسہ کرتے دیکھا؟ ۔چوہدری سرور پی ٹی آئی ورکرز کو الیکشن ٹریننگ دے رہے ہیں۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کی شام لاہور کے حلقہ این اے 122میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ہونے والے انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔

عمران خان نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے سستے تیل پرعوام کو مہنگی بجلی فراہم کی،عوام کے اربوں روپے میٹرو منصوبے پر جھونک دیے گئے ۔

ریٹرننگ افسر کے پاس موجود ووٹو ں کے تھیلوں کی اس دفعہ مانیٹرنگ کی جائے گی، اور گاڑی کے پیچھے پانچ موٹر سائیکلیں جائیں گی ،گیارہ اکتوبر کو جعلی ووٹ ڈالنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ شہباز شریف چار برس تک اسٹے آرڈر پر وزیراعلیٰ بنے رہے، مسلم لیگ ن کا نام اسٹے لیگ ہونا چاہیے، لودھراں میں وکٹ گرنے لگی تو اسٹے آرڈرکے پیچھے چھپ گئے۔

عمران خان نے کہا کہ ڈیزل پر پچاس فیصد جی ایس ٹی لگادیا گیا،شہبازشریف اور اسحاق ڈار کے کیسز نیب میں ہیں،جبکہ نواز شریف کے خلاف بارہ کیسز ہیں،عوام ووٹ ڈالیں گے اور ہم دھاندلی روکیں گے، ووٹ کے ڈبے لے جانے والی گاڑی میں فوجی سپاہی کو بھی بٹھایا جائے،چھ باریاں لینے کے باوجود عوام کو کچھ نہیں ملا ۔

مزید خبریں :