05 اکتوبر ، 2015
نیویارک/بیجنگ/پیرس......امریکا ،چین اور فرانس کے کئی علاقوں میں تیز بارشوں کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔دوسری جانب ملائیشیا ،انڈونیشیا اور سنگاپور میں آگ کے دھوئیں کی وجہ سے دھند بر قرار ہے۔
امریکی ریاست جنوبی کیرولینا سمیت کئی جنوبی ریاستوں میں رکارڈ بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ۔ بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقے زیر آب آ گئے ۔مکانات اور گاڑیاں کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے۔جنوب مشر قی اور وسط اٹلانٹک میں مختلف حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔جنوبی کیرولینا میں امریکی صدر باراک اوبامانے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
چین کے صوبوں گوانگ ڈونگ اور گوانک ژی میں طوفان کے نتیجے میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشیں ہوئیں۔تیز ہواؤں نے درخت اکھاڑ دئے،عمارتوں کو نقصان پہنچا،بجلی اور پانی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔
فرانس میں بحیرہ روم کی ساحلی پٹی پر واقع علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیلاب کی صورت حال کا سامنا ہے ، سڑکیں اور گلیاں زیرِ آب آنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مختلف حادثات میں 16 افراد ہلاک ہوگئے ،انڈونیشیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث سنگاپور میں اب بھی دھند بر قرار ہے۔ایک اندازے کے مطابق سنگاپور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک آگے بڑھ چکی ہے،ملائیشیا کے وزیر اعظم نے انڈونیشیا سے آگ لگنے کے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ ہے۔