دنیا
09 اکتوبر ، 2015

باغیوں کی پسپائی تک کارروائیاں جاری رہیں گی، سعودی عرب

 باغیوں کی پسپائی تک کارروائیاں جاری رہیں گی، سعودی عرب

ریاض.......سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل احمد العسیری نے کہا ہے کہ حوثیوں کے خلاف یمن میں فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ان سے باغیوں نے جنگ بندی سمجھوتے سے متعلق ابھی تک کوئی وعدہ نہیں کیا ہے۔

عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اتحادی فورسز حوثی باغیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فورسز کے خلاف اس وقت فوجی کارروائیاں جاری رکھیں گی جب تک اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 2216 کے مطابق حوثی باغی اپنے زیر قبضہ علاقوں سے پسپا نہیں ہوجاتے اور قانونی حکومت کی عمل داری قائم نہیں ہوجاتی ہے۔

سلامتی کونسل نے اپریل میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے باب سات کے تحت یہ قرارداد منظور کی تھی۔اس کے تحت حوثی تحریک کے لیڈر اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے خلاف پابندیاں عاید کردی گئی تھیں۔

بریگیڈئیر جنرل احمد العسیری نے بتایا کہ جمعہ تک حوثی ملیشیا کی جانب سے اتحادی فورسز کے علاوہ یمن کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت کو بھی جنگ بندی سے متعلق کوئی وعدہ موصول نہیں ہوا ہے، اگر ایسا ہوتا ہے تو یمنی حکومت اور اقوام متحدہ کی جانب سے اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

مزید خبریں :