پاکستان
13 اکتوبر ، 2015

فرانس ، پاکستان سے تعلیمی و تحقیقی نیٹ ورک کے قیام کا خواہش مند

فرانس ، پاکستان سے تعلیمی و تحقیقی نیٹ ورک کے قیام کا خواہش مند

کراچی… پاکستانی اور فرانسیسی ماہر ین تعلیم کا کہنا ہے کہ فرانس ،پاکستان کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی نیٹ ورک کے قیام میں دلچسپی رکھتا ہے جو خوش آئند بات ہے۔ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ فرانس کی جانب سے پاکستانی طالب علموں کے لئے اعلیٰ تعلیم کے میدان میں وظائف کا اجراء قابل ستائش ہے۔

ماہرین نے اس بات پر بھی اظہار اطمینان ظاہر کیا کہ اس وقت بھی ”ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی“ میں 140طالب علم ایم فل اور پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔

ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں خاص کر کیمسٹری کی فیلڈ میں روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ماہرین میں شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، فرانسیسی سفارتخانے کی اعلیٰ عہدیدار محترمہ مارٹین ہرلیم، پروفیسر ڈاکٹر جارج میسو، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ کی چیئر پرسن محترمہ نادرہ پنجوانی، حسین ابراہیم جمال فاونڈیشن کے سربراہ عزیز جمال اور ڈاکٹر عصمت سلیم شامل تھے۔

ماہرین کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے تحت ڈرگ ڈسکوری اور مالیکیولر میڈیسن کے موضوع پر منعقد ہونے والی 3 روزہ چوتھی پاک فرانس بائی نیشنل ورکشاپ میں تبادلہ خیال کی غرض سے مدعو کیا گیا تھا۔

بارہ اکتوبر سے 14اکتوبر تک جاری رہنے والی اس ورکشاپ کا انعقاد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی اور فرانسیسی سفارتخانے نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔

ورکشاپ کے افتتاحی سیشن میں فرانس کے کونسل جنرل فرانکویس ڈال اورسو، فرانسیسی سفارتخانے کے اتاشی ایلبن شیوریر اور دیگر اہلکاربھی موجود تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ کراچی کو فخر ہے کہ اُس کے صرف ایک تحقیقی ادارے میں 140طالب علم اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مشغول ہیں۔ انھوں کہا حکومت فرانس کی جانب سے پاکستانی طالب علموں کے لئے اعلیٰ تعلیم کے میدان میں وظائف کا اجراء قابلِ ستائش عمل ہے۔

محترمہ مارٹین ہرلیم نے کہا کہ فرانس، پاکستان کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی نیٹ ورک کا قیام چاہتا ہے جبکہ فرانس میں پاکستانی طالب علموں کے لئے پوسٹ ڈاکٹریٹ پروگرام اور وظائف کا اجراء حکومت فرانس کی نیک خواہشات کاترجمان ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان بالخصوص علمِ کیمیاء کے شعبے میں مزید مستحکم روابط قائم ہوں جس کی دونوں ملکوں کو شدید ضرورت ہے۔

مزید خبریں :