13 اکتوبر ، 2015
مظفرگڑھ .......مظفرگڑھ میں مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون نے تھانا سٹی کے سامنے خود کو آگ لگا لی ۔ تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ۔
بستی گوری والا کی رہائشی خاتون نے آج صبح تھانا سٹی مظفر گڑھ کے سامنے پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج نہ ہونے پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ پولیس اہلکاروں اور ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔
طبی امداد کے دوران بیان دیتے ہوئے خاتون نے بتایا کہ ایک ہفتے قبل پولیس کانسٹیبل عبدالقیوم دستی ، سب انسپکٹر نور ڈکھنہ اور منا دستی نے ڈیرے پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، پولیس اہلکاروں نے اس کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ۔
ادھر ڈی پی او مظفر گڑھ نے تصدیق کی ہے کہ خاتون نے بے ہوشی سے قبل یہی بیان درج کرایا تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق خاتون کا جسم 80 فیصد متاثرہوا ہے جس کی وجہ اس کو تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ۔