پاکستان
22 مئی ، 2012

ایف ڈبلیو او پر اربوں روپوں کی فیس دبانے کا الزام

ایف ڈبلیو او پر اربوں روپوں کی فیس دبانے کا الزام

اسلام آباد… وفاقی سیکرٹری مواصلات نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کوبتایاہے کہ فرنٹیئرورکس آرگنائزیشن نے موٹرویز ٹول پلازوں پر غیرقانونی قبضہ کرکے اربوں روپے کی فیس دبا لی ہے۔ چیئرمین کمیٹی کاکہناہے کہ شریف برادران کیخلاف مقدمات کیلئے وزارت داخلہ نے خط بھیجے ہیں۔ اسلام آبادمیں ندیم افضل کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس کووفاقی سیکرٹری مواصلات نے بتایاکہ نیٹو کنٹینرز کی وجہ سے مواصلات رابطوں کو 100 ارب روپے کا نقصان ہواہے، ایف ڈبلیو او کی طرف سے ٹال ٹیکس کی رقم نہ ملنے کی وجہ سے سڑکوں کی مرمت نہیں ہورہی جبکہ ایف ڈبلیو او کا کہناہے کہ وہ سیکیورٹی تقاضوں کے باعث موٹرویز کے ٹال پلازے واپس نہیں کرسکتے۔۔ ان کا کہناہے کہ امریکی فوج نے افغانستان سے واپس جانا ہے اس لئے ٹال پلازے اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل ہیں۔ سیکرٹری نے بتایا کہ لاہور، اسلام آباد موٹروے اپنی عمرحد پورا کرچکی ہے، اس کی تعمیر نو کیلئے 30 سے 35 ارب روپئے درکار ہیں۔ چیئرمین این ایچ اے نے کمیٹی کو بتایاکہ موٹرویز کے 38 ٹال پلازوں پر غیرقانونی قبضہ خالی کرنے کیلئے ایف ڈبلیو او کو نوٹسز بھیجے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی ندیم افضل نے دوران اجلاس ریمارکس دئے کہ شریف برادران کیخلاف احتساب ریفرنسز کیلئے وزارت داخلہ سے 2 خفیہ خط ملے ہیں، ان خطوط کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیکر قواعد کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں :