14 اکتوبر ، 2015
رسالپور ......پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں134 ویں جی ڈی پائلٹ سمیت تین کورسز میں تربیت مکمل کرنے والے افسروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کواعزازات ملے جبکہ فلائی پاسٹ کا شانداز مظاہرہ بھی ہوا۔
شاہینوں کی اکیڈمی رسالپور میں مزید 104 افسروں نے تربیت مکمل کرلی ، جن میں 8 خواتین بھی شامل ہیں،134 ویں جی ڈی پائلٹ، انجینئرنگ اور ایڈمن اینڈ اسپیشل کورسز کی پاسنگ آؤٹ کی پروقار تقریب ہوئی ، جس میں ائر چیف مارشل سہیل امان جبکہ مہمان خصوصی ایڈمرل ذکااللہ تھے ۔
اس موقع پر کیڈٹس نے ایڈمرل ذکااللہ کو سلامی دی ، نیول چیف نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا،کورس کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا،کالج آف فلائنٹ ٹریننگ میں پائلٹ آفیسر محمد کاشف کو اعزازی شمشیر سے نواز اگیاجبکہ انجینرنگ کالج میں پائلٹ افسر محمد جہان قمر کو اعزازی شمشیر دی گئی۔
چاق و چوبند شاہینوں نے مارچ کیا تو ایک ساتھ زمین سے اٹھتے اور پڑتے قدموں نے نظم و ضبط کی متاثر کن جھلک پیش کی ،اس کے بعد پیرا موٹر گلائیڈنگ کے مظاہرے میں خاتون افسر نے بھی حصہ لیا۔تقریب کے اختتام پر فلائی پاسٹ کا مظاہرہ ہوا، شیر دل اسکواڈرن نے فضا میں اڑتے طیاروں کی دلکش ترتیب بنائی اور کرتب دکھائے ۔ اور مہمانوں سے داد پائی۔