پاکستان
21 اکتوبر ، 2015

قانون کی وردی میں ملبوس دو کالی بھیڑیں گرفتار

قانون کی وردی میں ملبوس دو کالی بھیڑیں گرفتار

کراچی.......کراچی میں قانون کی وردی میں ملبوس دو کالی بھیڑوں کو تین ساتھیوں سمیت ان کے پیٹی بند بھائیوں نے گرفتار کر لیا ، ان افراد نے صفورہ گوٹھ سے ایک شہری کو اغوا کر کے تاوان طلب کیا تھا۔

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل میں چوکی انچارج اور سپاہی سمیت 5ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل نے سائیٹ میں رشید آباد چوکی کے قریب کارروائی کی جس میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کی نشاندہی پر ایک مغوی کو بازیاب جبکہ تین مزید ملزمان بھی گرفتار کرلیے گئے۔ گرفتاری کے بعد انکشاف ہوا کہ ملزمان میں سے ایک اتحاد ٹائون تھانے کی چوکی عابد آباد کا انچارج اے ایس آئی اسلم، دوسرا اسی چوکی میں تعینات سپاہی نعیم ہے جبکہ دیگر تین ساتھیوں میں قمر، طاہر اور وزیر شامل ہیں۔

ڈی آئی جی سی آئی اے عبداللہ شیخ نے جیونیوز کو بتایا کہ ملزمان نے شہری یوسف کو صفورہ گوٹھ کے قریب سے اغوا کیا تھا اور اس کی بازیابی کے لیے 5لاکھ روپے کا تاوان طلب کیا گیا تھا۔ تمام ملزمان کے خلاف اینٹی وائلنٹ کرائم سیل میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے لیے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں بھی پیش کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :