پاکستان
25 اکتوبر ، 2015

ناران میں پھنسے سیاحوں سے ہوٹل کا کرایہ نہ لینے کا اعلان

ناران میں پھنسے سیاحوں سے ہوٹل کا کرایہ نہ لینے کا اعلان

ایبٹ آباد......وادی ناران میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں سے مسلسل برفباری جاری ہے ، جس سے وہاں موجود سیاح پھنس کررہ گئے ہیں ، ناران ہوٹل ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہےکہ اس صورتحال کے دوران سیاحوں سے کرایہ نہیں لیا جائے گا ۔

چھٹیاں منانے اور سیرو تفریح کے لیے ناران جانے والے ملک کے مختلف شہروں کے سیاحوں کی خوشی اس وقت مانند پڑگئی جب مسلسل برفباری نے انہیں گھیر لیا۔

ناران میںکل دو بجے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، جس نے سیاحوں کی ساری خوشی کو پریشانی میں بدل دیا ہے ،مسلسل برفباری سےبازار میں سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور سیکڑوں گاڑیاں پھنس کر رہ گئی ہیں۔

سیاحوں نے دہائیاں دی ہیں کہ انتظامی مشینری غائب ہے اور برف ہٹانے کا کوئی کام نہیں کیاجارہا ، جبکہ کھانے پینے کا سامان بھی ختم ہورہا ہے جبکہ ہوٹلوں نے فائدہ اٹھا کر پیسے بڑھادیئے ہیں ۔

جیو نیوز پر سیاحوں کی دہائیاں نشر ہونے کےبعد انتظامیہ حرکت میں آئی ، اسسٹنٹ کمشنر بالا کوٹ کے مطابق شاہراہ کاغان کھولنے کے لیے این ایچ اے کا عملہ اور ہیوی مشینری پہنچادی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق غیر متوقع اور مسلسل برفباری کی وجہ سے صورت حال خراب ہوئی ، دو سو بیس کلو میٹر طویل شاہراہ کا غان کا 85 کلو میٹر حصہ بند ہے ۔

صورتحال کو دیکھ کر ناران ہوٹل ایسوسی ایشن بھی حرکت میں آگئی، ایسوسی ایشن کے صدر مطیع اللہ نے کہا ہےکہ برفباری میں پھنسے سیاحوں کے لیے مفت قیام کا بندوبست کریں گے اور اس صورتحال کے دوران کوئی ہوٹل پھنسے ہوئے سیاحوں سے کرایہ نہیں لے گا۔

مزید خبریں :