23 مئی ، 2012
اسلام آباد…وفاقی کابینہ نے کراچی میں بدامنی اور بلوچستان کے ایشوز پر خصوصی کمیٹیز قائم کرتے ہوئے بجلی چوری روکنے کے لیے سخت قانونی سازی کی ہدایت کردی ہے۔وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا،جس میں بجلی بحران پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ کابینہ نے بجلی چوری روکنے کیلئے وزارت قانون کو قانونی سازی کی ہدایت کی۔ کابینہ ارکان نے بلوچستان کیس کی سماعت کے دوران آج چیف جسٹس کے بعض اہم ریمارکس پر بھی بات کی ، کابینہ نے بلوچستان ایشو پر وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی جبکہ کراچی بدامنی ایشو پر مخدم امین فہیم کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں مولابخش چانڈیو، نویدقمر، خورشیدشاہ شامل ہیں۔ یہ کمیٹی سندھ کے قوم پرستوں سے بھی رابطہ کرے گی۔ وفاقی کابینہ نے سی ڈی اے آرڈیننس میں ترمیم کرتے ہوئے ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی جب کہ لیبیا کے ساتھ فوجی تربیت کے تعاون کے بارے ایم او یو ، پاکستان ریلوے کی عالمی تجارت میں رکنیت ، بینوولینٹ فنڈ،گروپ انشورنس ایکٹ میں ترامیم کی منظاری بھی دے دی ہے۔