13 مئی ، 2025
امریکی دارالحکومت واشنگٹن کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر حسن عباس نے کہا ہے کہ بھارت نے امریکا کو باور کروایا تھا اس دفعہ ہم پاکستان کو خود سبق سکھائیں گے آپ کو درمیان میں نہیں آنا چاہیے لیکن پاکستان نے بھارت پر دوسرا جوابی حملہ کیا تو بھارت نے امریکا سے سیز فائر کروانے کی درخواست کی۔
جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ" میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عباس نے کا کہنا تھاکہ بالکل بھارت نے امریکا سے رابطہ کیا اور سیز فائر کی درخواست کی اور اس میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے۔
انہوں نے بتایاکہ جب یہ واقعات شروع ہوئے اور دو ایٹمی ممالک جنگ کے خطرے پر لے آئے، پاکستان کے پہلے ردعمل میں ذہانت اور سمجھداری موجود تھی اور یہ امید نہیں کی جا رہی تھی، بھارت کو لگتا تھاکہ پاکستان اس کا مقابلہ نہیں کرسکے گا لیکن پاکستان کا بھارت کے جہازوں کو گرانے نے بڑا اثر پیدا کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ امریکا اور بھارت کے درمیان تجارت پر بات چل رہی تھی، اب یہ اتنا خطرناک موقع آیا تو بھارت نے کچھ ایسی شرائط رکھیں جو امریکا کیلئے قابل قبول نہیں تھیں، برطانیہ اور سعودی عرب نے سیزفائر کا گراؤنڈ ورک تیار کیا، پاکستان کا جواب غیرمتوقع تھا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن عباس کا کہنا تھاکہ کسی کو یہ اندازہ نہیں تھا کہ پاکستان کے پاس سسٹم کو جام کرنے اور بھارت کے ائیر بیسز سے اڑنے والے جہازوں کو دیکھنے کی صلاحیت موجود ہے، پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کو کم تر سمجھ کر اہمیت نہیں دی گئی تھی، بھارت نے امریکا کو باور کروایا تھا اس دفعہ ہم پاکستان کو خود سبق سکھائیں گے آپ کو درمیان میں نہیں آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے دوسری اسٹرائیک کی اُس وقت پاکستان سے امید تھی کہ پہلے حملے کا جواب دے گا، پاکستان بھارت کے مقابلے میں سفارتی کامیابی حاصل کرچکا تھا کیونکہ پاکستان بھارت کی آئیسولیٹ کرنے کی مسلسل کوششوں سے باہر نکل چکا تھا، بھارت نے دوسرا حملہ کیا تو وہ اس کیلئے خوف کا سبب بھی بنا کیونکہ وہ پاکستان کی صلاحیت دیکھ چکا تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان نے بھارت پر دوسرا جوابی حملہ کیا وہ بھی سخت تھا، اس پر بھارت نے امریکا سے سیز فائر کروانے کی درخواست کی، پاکستان کو امریکی صدر ٹرمپ کی ٹوئٹس کو سنہری حروف میں لکھنا چاہیے جب انہوں نے کشمیر کا ذکر کیا، فائنل مذاکرات میں کشمیر کا ذکر پاکستان کی شرط تھی، بھارت کی پوزیشن کمزور ہوگئی تھی، بھارت سے مس کیلکولیشن ہوئی۔