پاکستان
28 اکتوبر ، 2015

وزیراعظم نےزلزلہ متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا

وزیراعظم نےزلزلہ متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا

پشاور ......وزیراعظم نوازشریف نے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا ہے ،جس کے تحت جاں بحق افراد کے لواحقین کو 6لاکھ فی کس،معذور وں کو 2،2لاکھ اور زخمی کو 1لاکھ جبکہ گھر کی تعمیر کیلئے2لاکھ روپے دئیے جائینگے۔

گورنر ہائوس پشاور میں امدادی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امداد کا اعلان کے پی ، فاٹا اور گلگت بلتستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے کیا جارہا ہے ،متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی پیر سے شروع ہوگی جسے جمعرات تک مکمل کرلیا جائیگا،اس امدادی پیکیج کا آدھا وفاق اور آدھا صوبائی حکومت ادا کریگی،نقصان کی تصدیق کیلئے 3رکنی کمیٹی قائم کی جائیگی جس میں ،انتظامیہ ،فوج اور ایک مقامی نمائندہ شامل ہوگا ،جزوی تباہ شدہ مکانوں کی مرمت کیلئے 1لاکھ روپے دئیے جائینگے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کےپی کے میں 208، فاٹا میں 29 جانی نقصان کی اطلاع ہے ، زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے ہم سب اکھٹے ہیں، یہاں سیاست نہیں ہورہی،میں نہیں جانتا کہ میری اور پرویز خٹک کی پارٹی کونسی ہے،یہاں مشرف کی پارٹی کے منتخب رکن بھی بیٹھے ہیں ،فوج امدادی کاموں میں بھرپور حصہ لے رہی ہے ، جنرل راحیل کا شکر گزار ہوں،وزیراعلیٰ پرویز خٹک بھی بڑھ چڑھ کر امدادی کاموں میں حصہ لے رہےہیں ۔

انہوں نےمزید کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ، 2005 کازلزلہ بھی اسی طرح کا تھا ،اللہ کا شکر ہے کہ شدید زلزلہ ہونے کے باجود جانی نقصان نسبتاً کم رہا،صوبائی حکومت اور وفاق کو ایسے موقع پر ایک ہوکر کام کرنا چاہیے ،حکومت کسی بھی صوبے کے لوگوں کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ہے ،غریب ترین علاقے متاثرہوئے ہیں اور ٹھنڈ بھی بہت زیادہ ہیں۔

مزید خبریں :