29 اکتوبر ، 2015
کراچی......جیو ٹی وی سے ایک مرتبہ پھر دو ملکوں کے درمیان سر اور سنگیت کی جنگ چھڑنے والی ہے ۔۔ایک نئے میوزیکل رئیلٹی شو ”ایشیاز سنگنگ سپر اسٹار“ میں۔ جو جیو ٹی وی سے یکم نومبر سے شروع ہونے جارہا ہے ۔ شو میں دونوں ملکوں کی کئی سیلبریٹیز بھی شرکت کریں گی۔
’ایشیاز سنگنگ سپر اسٹار‘ میں پاکستان،بھارت اور متحدہ عرب امارات کے نوجوان گلوکاروں کو اپنی قسمت آزمانے کا موقع ملے گا۔ شو میں جج کے فرائض انجام دیں گے۔ پاکستان کے نامور گلوکار شفقت امانت علی خان اور بالی وڈ کے مشہور گلوکار اور میوزیشن شنکر مہا دیون۔
’ایشیاز سنگنگ اسٹار‘ دبئی میں شوٹ ہورہا ہے ۔ موسیقی اور سریلی آوازوں سے سجے اس شوکی میزبانی پاکستانی اداکار احسن خان اور بھارتی پلے بیک سنگر شویتا پنڈت کریں گے ۔
احسن خان نے امید ظاہر کی ہے کہ شو پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستانہ تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ احسن کے بقول ’آج کل کے کشیدگی بھرے ماحول میں ’ایشیاز سنگنگ سپر اسٹار‘ سرحد کے دونوں جانب لوگوں کے موڈ کو بدلنے اور کشیدگی کو کم کرنے میں یقینا کامیاب رہے گا۔