30 اکتوبر ، 2015
گجرات.........بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی نے بہار کے انتخابات میں کامیابی کیلئے پاکستان کارڈ کھیلنا شروع کردیا ۔ انتخابی مہم کے دوران بی جےپی کے رہنما امیت شاہ نے ووٹرز کا دل جیتنے کےلئےپاکستان کے خلاف جی بھر کے زہر اُگلا۔
بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے بہار کی انتخابی مہم کے دوران عوام کا دل جیتنے کے لئے پاکستان کے خلاف خوب زہر اگلا۔بہار میں انتخابی دنگل فرقہ پرستی بمقابلہ سیکولرازم میں تبدیل ہو گیا ہے۔اس سال مودی سرکار کے ہاتھ سے دلی تو نکل گئی تھی ، کہیں بہار بھی نہ نکل جائے، اس خوف میں بی جے پی کے رہنما خوب پاپڑ بیل رہےہیں ،پاکستان کے خلاف زہر اگلنے سے بھی گریز نہیں کر رہے۔
سیلفی کنگ نریندر مودی کے مقابلے میں بہار کے موجودہ وزیراعلیٰ اور سیکولر اتحاد کے سربراہ نتیش کمار کی مقبولیت بی جے پی کے حواسوں پر چھائی ہوئی ہے۔نتیش کمار دس برس سے بہار پر حکومت کر رہے ہیں اس دوران ان کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔
ریاست میں لالو نتیش اتحاد کا مقابلہ کرنے کے لئےبی جے پی سر دھڑ کی بازی لگا رہی ہے۔وہ ایک طرف ووٹرز کا دل جیتنے کے لئے پاکستان کارڈ کھیل رہی ہے تو دوسری طرف ہندووں کو خّوش کرنے کے لئِے گائے کے نام پر فرقہ واریت کو خوب ہوا دے رہی ہے۔خود بھارتی تجزیہ کار کہہ رہے کہ اگر انتخابی نتائج بی جے پی کے خلاف آئے تو وزیر اعظم نریندر مودی کا رہا سہا وقار بھی خاک میں مل جائے گا۔