04 نومبر ، 2015
لاہور....... لاہور کے علاقے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں شاپنگ بیگ بنانےوالی فیکٹری کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میںاب تک کی اطلاعات کے مطابق 8 مزدور جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال پہنچانےکا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق چار منزلہ فیکٹری کی چھت گرنے سے پوری فیکٹری زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری کی چوتھی منزل پر 200 کے قریب مزدور رہائش پذیر تھے جو فیکٹری میں شاپنگ بیگ بنانے کا کام کرتے تھے۔
ملبے میں دبے مزدوروں کو نکالنے کیلئے ریسکیو ٹیمیں اور بھاری مشینری کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے اور زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ اندھیرا ہوجانے کے باعث امدادی کاموں میں دقت پیش آرہی ہے۔
لاہور اور قصور کے اسپتالوں میں الرٹ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چھت کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام ہو رہا تھا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔