04 نومبر ، 2015
لاہور.......لاہور کے علاقے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں شاپنگ بیگ بنانےوالی فیکٹری زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 مزدور جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق چار منزلہ فیکٹری کی چھت گرنے سے پوری فیکٹری زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری کی چوتھی منزل پر 200 کے قریب مزدور رہائش پذیر تھے جو فیکٹری میں شاپنگ بیگ بنانے کا کام کرتے تھے۔
ملبے میں دبے مزدوروں کو نکالنے کیلئے ریسکیو ٹیمیں اور بھاری مشینری موقع پر پہنچ گئی ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اندھیرا ہوجانے کے باعث امدادی کاموں میں دقت مشکلات کا سانا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فیکٹری کے ملبے تلے سو سے زائد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، ستر سے زائد زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔