05 نومبر ، 2015
نیویارک.......برطانیہ کے بعد امریکا نے بھی مصر میں تباہ ہونے والے روسی طیارے کو بم سے گرائے جانے کا خدشہ ظاہر کردیا۔ حادثے کے بعد برطانیہ اور آئرلینڈ نے شرم الشیخ ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
مصر کے صحرائے سینا میں تباہ ہونے والے طیارے سے متعلق سنسی خیز انکشافات سامنے آرہے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی نے امریکی حکام کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ زیادہ امکان یہ ہے کہ روسی طیارے کو دوران پرواز بم دھماکے سے تباہ کیا گیا۔ یہ کارروائی داعش یا اس سے منسلک تنظیموں کی ہو سکتی ہے ۔
برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی حادثے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طیارے کو دھماکا خیز ڈیوائس سے تباہ کیا گیاہو۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔واضح طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔
حادثے کے بعد برطانیہ اور آئرلینڈ نے شرم الشیخ ایئر پورٹ سے فضائی آپریشن معطل کردیا ہے ۔پانچ روز پہلے مصر میں روسی طیارے کے حادثے میں 224افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ شدت پسند تنظیم داعش نے طیارے کو مار گرانے کا دعوی کیا تھا۔