کاروبار
05 نومبر ، 2015

مذاکرات کامیاب،آئی ایم ایف کی قسط اگلے ماہ ملے گی

مذاکرات کامیاب،آئی ایم ایف کی قسط اگلے ماہ ملے گی

اسلام آباد......حکومت اور آئی ایم ایف میں مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں جس کے بعد پاکستان کو پچاس کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی 10 ویں قسط آئندہ ماہ ملے گی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف کےنمائندے ہیرلڈ فنگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اگلی قسط آئی ایم ایف کی انتظامیہ اور ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد دسمبر کے وسط میں جاری ہونے کی توقع ہے۔

اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس میںمزید بتایا کہ پاکستان نے تمام اہداف حاصل کئے ہیں،جبکہ ٹیکسوں کی وصولی اور بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لئے کام کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے ٹیکس وصولی کا ہدف پورا کرنے کے لئے نئے اقدامات کا ذکر تو کیا لیکن اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

انہوں نے بتایا کہ نومبر میں ورلڈبینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے پاکستان کو 900ملین ڈالر مل جائیں گے۔انہوں نے کہا ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح مزید 120 دن کے لئے تین فیصد رکھنے کے لئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر آئی ایم ایف ٹیم کے سربراہ ہیرلڈ فنگر نے کہا کہ پاکستان تین اہداف حاصل نہیں کر سکا۔انہوں نے کہ حکومت کو نقصان میں جانے والے اداروں کی تنظیم نویا نجکاری کرنا ہو گی۔توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور پاکستان میں کاروبار کے لئے ماحول کو بہتر بنانا ہو گا۔انہوں نے افراط زر کی شرح میں اضافے کا عندیہ بھی دیا۔

پاکستان میں افراط زر اس وقت بہت کم ہے لیکن یہ مستقبل میں زیادہ ہو جائے گی اور معیشت کو اس کا کوئی نقصان نہیں ہے۔گوکہ پاکستان کو اگلی قسط جاری کرنے کی سفارش تو کر دی گئی لیکن اس کے لئے پاکستان کو غیر ملکی زرمبادلہ کو بڑھانے اور ٹیکس نیٹ کو بڑہانے جیسی شرائط بھی ماننا پڑیں گی۔

مزید خبریں :