06 نومبر ، 2015
اٹک......آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج جنگیں لڑنے والی سب سے سخت جان فوج ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں ہماری پیشہ ورانہ مہارت کو ظاہرکرتی ہیں۔
اٹک کے قریب جسمانی پھرتی اور لڑنے کی صلاحیت کے مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایک فوجی کے لیے جسمانی طور پر صحت مند اور چُست ہونا بہت ضروری ہے ، تندرستی خود اعتمادی کو فروغ دینے میں مدد دیتی ہے، پاکستانی فوجی جسمانی کارکردگی کے بین الاقوامی معیار سے اوپر ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، مسلسل تربیت جنگ کی تیاری کا دل اور روح ہے، اس سطح کو برقرار رکھنے اور جنگی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی، ایسا صرف سخت تربیت سے ہی ممکن ہے۔
آرمی چیف نے نئے رکارڈ قائم کرنے والے فوجیوں کو سراہا اور ملکی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے فوجیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو ٹرافیاں دیں اور بہترین انفرادی کارکردگی پر میڈلز بھی تقسیم کیے۔ سپاہی علی رضا نے چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔