06 نومبر ، 2015
سیالکوٹ/ لودھراں.......وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مذہب کے نام پرکسی کو گلا کاٹنے کی اجازت نہیں دیں گے،پاکستان کسی کی مرضی سے نہیں ، آئین اور عوام کی مرضی سے چلے گا ۔
وزیر اعظم نواز شریف نے سیالکوٹ اور لودھراں میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دنوں کنٹینر پر کھڑے لوگ اپنی ریٹنگ بڑھانے کے چکر میں تھے لیکن ریٹنگ نہ بڑھی، کراچی آپریشن سے شہر کی روشنیاں بحال ہونا شروع ہوگئیں، جو لوگ عدالت میں گئے وہی کسان پیکیج میں تاخیر کے ذمے دار ہیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اور فرقہ وارانہ تنظیموں کو معاف نہیں کیا جائے گا، جب تک دہشتگردی جڑ سے ختم نہ کردیں چین سے نہیں بیٹھیں گے،پاکستان پڑوسیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اتفاق رائے سے آپریشن شروع کیا اور آج کراچی کی روشنیاں بحال ہونا شروع ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مشن سیاست نہیں،عوام کی خدمت ہے، کنٹینر پر کھڑے لوگ اپنی ریٹنگ بڑھانے کے چکر میں تھے لیکن ریٹنگ بڑھی نہیں۔
وزیراعظم نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ سیاسی لڑائی کی طاقت نہیں تو حیلے بہانے نہ کرو،بلدیاتی انتخابات کا نتیجہ لوگوں نے دیکھ لیا۔