06 نومبر ، 2015
ممبئی...... پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی ہالووین پکچر کے ساتھ ایک کیپشن لکھ کر ہندو انتہاپسند جماعت شیوسینا کو آگ بگولا کر دیا تاہم ماہرہ نے شیو سینا کے رد عمل کے بعد معافی بھی مانگ لی۔
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ’’ اگر میری ہالووین تصویر کی اشاعت سے کسی کو دکھ پہنچا تو اس پر معذرت خواہ ہوں۔ انہوںنے کہاکہ میں نے ایسا قطعی طور پر جان بوجھ کر نہیں کیا‘‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزماہرہ خان نے پاکستانی فلم ’’ہو مَن جہاں‘‘ کے ہدایت کار عاصم رضا کے ہمراہ فیس بک پرایک تصویر پوسٹ کی تھی جس میں ماہرہ نے بلی کا روپ اور عاصم رضا نے شیوسینا کے ایک ورکر کا روپ دھار رکھا تھا جبکہ انھوں نے ہاتھ میں ایک بینر بھی تھام رکھا تھا جس پر لکھا تھا ’ ماہرہ کوباہرنکالو‘۔
ماہرہ خان ان دنوں بالی وڈ کی ایک فلم ’’رئیس‘‘میں سپر اسٹار شاہ رُخ خان کے ساتھ ہیروئن آرہی ہیں ۔ یہ فلم آئندہ سال نمائش کے لئے پیش ہوگی۔