06 نومبر ، 2015
لاہور.......وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت، فوج اور قوم دہشت گردی کے خلاف ایک پیج پرآکر ڈٹ گئے ہیں،دہشت گردوں کو شکست دے کر ملک کا معاشی مقدر بدلیں گے،دنیا بھر سے سرمایا کار آئیں، ریڈ کارپٹ بچھا کر انہیں مکمل سیکیورٹی اور عزت دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بیرون ملک سے آئے 200 سے زائد سرمایہ کاروں سے انٹرنیشنل بزنس سیمینار سے خطاب کے موقع پر کیا۔ ان کا کہنا تھا ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی رہا ، اربوں ڈالر کا قومی نقصان اور 50 ہزار قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، تاہم اب پاک فوج اور حکومت کے اقدامات سے صورتحال بدل رہی ہے،سرمایہ کاروں کو کھلے دل سے بلا رہے ہیں ، ان کیساتھ شفاف ڈیل ہو گی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاک چین کاریڈور گیم چینجر ثابت ہو گا ،46 ارب ڈالر میں سے 36 ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے ،اگلے ڈھائی سال میں بجلی سمیت کئی مسائل حل کر کے دکھائیں گے۔ کانفرنس میں ترکی اور چین سمیت دیگر سرمایہ کاروں نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔