پاکستان
07 نومبر ، 2015

کراچی میں دسویں عالمی کتب میلے کی تیاریاں عروج پر

کراچی میں دسویں عالمی کتب میلے کی تیاریاں عروج پر

کراچی .......سید محمد عسکری........ کراچی میں دسویں عالمی کتب میلے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ یہ کتب میلہ مقررہ تاریخ سے ایک ماہ قبل 12 نومبر کو ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا گزشتہ سال یہ دسمبر میں منعقد ہوا تھا یہ کتب میلہ 5 روز تک جاری رہے گا اور16 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔

عالمی کتب میلے میں پاکستان کے مقامی اور غیر ملکی پبلشرز کی جانب سے اب تک 325 اسٹالز بک کرالئے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 350 اسٹالز کی بکنگ متوقع ہے، کتب میلے میں بھارت، سنگاپور، ملیشیا اور ایران کے علاوہ دیگر ممالک سے پبلشرز شریک ہوں گے۔ پہلی مرتبہ ترکی کے پبلشرز بھی شریک ہوں گے جو ترکی زبان میں شائع کی جانے والی کتابوں کے اردو ترجمے پیش کریں گے۔ کتب میلہ ایکسپو سینٹر کراچی کے 3 ہالز میں بیک وقت شروع کیا جائے گا۔

پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد کے مطابق عالمی کتب میلے کے افتتاح کے فوری بعد کتب میلہ عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 5 روز تک جاری رہنے والے کتب میلے میں 5 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے جس میں سندھ کی سرکاری و نجی جامعات، کالجوں اور اسکولوں کے طلباء و طالبات کے علاوہ اساتذہ، محققین، ادیب، دانشور، قانون دان، سائنس دان، ڈاکٹرز اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوںگے۔ کراچی کے اسکولوں اور کالجوں کی انتظامیہ نے اس حوالے سے اپنے پروگرام بھی شیڈول دے دیئے ہیں۔

عزیز خالد نے بتایا کہ کتب میلے میں سائنس، فنکشن، مصوری، شاعری، تاریخ، کہانی نویسی، مذہب، اخلاقیات، فلسفہ، طب، لسانیات کے علاوہ دیگر موضوعات پر کتب رکھی جائیں گی جبکہ قرآن و احادیث کی کتابیں اور ان کی تفاسیر بھی موجود ہوں گی۔ ان کتابوں کی خریداری پرطلبہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک مخصصو حد تک رعایت بھی دی جائے گی۔

مزید براں بچوں کے لئے بڑی تعداد میں کتب کا ذخیرہ بھی موجود ہوگا اور کم عمر بچوں کے لئے کتابوں کی اشاعت کے ماہر پبلشرز نے اس حوالے سے کئی اسٹالز بھی بک کرائے ہیں۔

مزید خبریں :