08 نومبر ، 2015
گلگت........گلگت بلتستان میں برستی بارش اور برف باری نے سردی کی شدت بڑھا دی ۔ پہاڑوں پرجمی برف سے موسم ٹھنڈا ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک ہے ۔
گلگت بلتستان کے علاقوں استور،دیامر اور غذر سمیت پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔بڑھتی سردی نے گرم کپڑوں اور جلانے کی لکڑی کی مانگ میں اضافہ کردیا ہے ۔ہنزہ نگر میں موسم ابر آلود ہے ۔
مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن ، شمالی بلوچستان اور قبائلی علاقوں کے پہاڑوں پر جمی برف سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے ،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ ، ژوب، راولپنڈی، سرگودھا ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔